نئی دہلی یکم جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی یونیورسٹی(ڈی یو)پہلی بارکشمیری مہاجرین کے لئے ایک مختلف کٹ آف جاری کرے گی۔یونیورسٹی میں کشمیری مہاجرین کے لئے پانچ فیصد اضافی کوٹہ ہے۔ساتھ ہی پہلی بار دہلی کے باہر کے اور جموں کے کشمیری طالب علم بھی کوٹہ کے مستحق ہوں گے۔یونیورسٹی کے ایک سینئر افسر نے کہاکہ اب تک یونیورسٹی جنرل، او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور پی ڈبلیو ڈی سمیت پانچ اقسام کے لئے کٹ آف جاری کرتا تھا۔لیکن اس سال سے کشمیری مہاجرین کے لئے بھی مختلف کٹ آف جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ دہلی کے باہر کے اور جموں کے کشمیری بھی پانچ فیصد اضافی کوٹے کے تحت داخلے کے اہل ہوں گے۔کشمیری مہاجرین کے زمرے تحت امیدواروں کو مختلف کورسز میں داخلے کے لئے عام رینج کے امیدواروں کی آخری کٹ آف فہرست میں زیادہ سے زیادہ دس فیصدریلیف بھی دی جائے گی۔ان میں وہ کورس شامل نہیں ہیں جن میں داخلے کے لئے داخلہ امتحان ضروری ہوتا ہے۔امیدواروں کویونیورسٹی کی طرف سے مقرر کم از کم اہلیت کے معیارپورے کرنے ہوں گے اور انہیں باقاعدہ دستاویزات کے علاوہ درخواست کے ساتھ کشمیری ہجرت کا اپنا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ،کشمیرمیں جائیداد کا ثبوت اور دہلی میں موجودہ گھر کا ثبوت دینا ہوگا۔اس کوٹے کے تحت داخلہ عام داخلہ کے عمل کے ساتھ نہیں ہوتا کیونکہ یہ کوٹہ یونیورسٹی کے دوسرے ریزرو اقسام سے زیادہ ہوتا ہے۔یونیورسٹی کے مختلف کورسزکی۔60000سے زائد سیٹوں کے لئے داخلہ آج سے شروع ہو گیا۔ڈی یونے پہلی بارپوراعمل آن لائن کردیاہے۔رجسٹریشن19جون تک جاری رہے گا اور سب سے پہلے کٹ آف فہرست 27جون کو جاری کی جائے گی۔